18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 9:19
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف آج وادی نیلم کا دورہ کریں گے
جیو نیوز - مظفرآباد… آزاد کشمیر کی بالائی وادی نیلم میں تو پاکستان کے کئی اہم راہنماوٴں نے دورے کئے ہیں لیکن جموں کشمیر میں کنٹرول لائن پر فائر بندی کے بعد کسی بھی وزیر اعظم پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ سامنے انڈین آرمی کی پوسٹ ہیں اس سے نیچے ہماری پاکستان آرمی کی پوسٹیں ہیں ہمیں بڑی خوشی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان یہاں آرہے ہیں۔ وادی نیلم چودہ سال تک بھارتی افواج کی گولا باری کا شکار رہی جس کے آثار جنگ بندی کے آٹھ سال بعد بھی نمایاں ہیں۔علاقے کے لوگوں کا کہنا تھا کہ یہاں نہ کوئی صدر آسکتا ہے نہ وزیر اعظم کیوں کہ خطرہ ہے، لیکن اگر اس کو ترجیح دیں تو ہمارہ یہ علاقہ جنت ہے۔ خطرات کے باوجود وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف زیریں وادی نیلم کے دورے پر آرہے ہیں ان کے اس دورے کو کنٹرول لائن کی دونوں جانب بسنے والے کشمیری محبت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چودہری عبدالمجید کا کہنا ہے کہ پاکستان کا وزیر اعظم بنیادی طور پر کنٹرول لائن کی اس طرف کشمیری بھائیوں کو اپنی حمایت کا اور پوری پاکستان قوم کا تجدید عہد کا یقین دلانے آرہا ہے اور مجھے توقع ہے کہ اس طرف کی کشمیری پاکستان کی قربانیوں کو لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے۔