18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 13:43
عظمیٰ ایوب کے بھائی کا قتل، پولیس سے تحقیقاتی ریکارڈ طلب
جیو نیوز - اسلام آباد… سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل کو ضلع کرک میں اجتماعی زیادتی کا شکار عظمی ایوب کے بھائی کے قتل سے متعلق پولیس کا تحقیقاتی ریکارڈ لیکر آنے کا حکم دے دیا ہے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے عظمی ایوب کے بھائی کے قتل کیس میں ملزموں کی ضمانت منظوری کے خلاف مقدمہ کی سماعت کی، عظمی ایوب نے عدالت کو بتایاکہ اسکا بھائی زیادتی واقعے کے ثبوت اکھٹا کررہا تھا کہ اسے قتل کردیاگیا،عظمی نے کہاکہ اسکی جان کو بھی خطرہ ہے کیونکہ ملزم حکیم اللہ اے ایس آئی نے اسے بھی اٹھانے کی کوشش کی تھی، عظمی کے وکیل نے بتایاکہ ہتھکڑیاں لگے حکیم اللہ نے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے قتل کی دھمکیاں دی تھیں جو موبائل فون پر ریکارڈ ہوئی، عظمیٰ نے اس ویڈیو کا میموری کارڈ عدالت کو پیش کردیا، بعد میں عدالت نے صوبائی ایڈووکیٹ جنرل کو تمام رکارڈ سمیت 20 جولائی کو طلب کرلیا۔