18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:46
لاہور میں ڈکیتیوں، راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ
جیو نیوز - لاہور… لاہور میں رواں سال کے پہلے6 ماہ کے دوران 40 ہزار سے زائد مقدمات درج ہوئے، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں،اغوا برائے تاوان کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھا گیاہے۔ جنوری دوہزار بارہ سے30جون تک ڈکیتی اور راہزنی کی 2050 وارداتیں ہوئیں،17 افراد ڈکیتی مزاحمت پرجان سے گئے،اغوا برائے تاوان کے21 مقدمات ،معمولی جرائم کی تعدادساڑھے14ہزار ،2210 موٹرسائیکلیں اور 660 کاریں چوری ہوئیں ، شہریوں کاکہناہے کہ پولیس انہیں تحفظ دینے میں ناکام ہے۔ ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تاجربھی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ لاہورپولیس کادعویٰ ہے کہ اس نے416 گروہوں کا خاتمہ کر کے ایک ہزارسے زائد ملزم گرفتار کیے،26 کروڑ 26 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء برآمدکیں،تاہم نفری کی کمی جرائم پرقابوپانے میں آڑے آتی ہے۔ پولیس افسران بڑھتی ہوئی آبادی اور مہنگائی کے جِن کو بھی جرائم میں اضافے کی ایک وجہ قرار دیتے ہیں۔