18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:40
نگران سیٹ اپ کیلئے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہیے،سراج الحق
جیو نیوز - پشاور…جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ نگران سیٹ اپ کے لئے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہیے اگر ایسا نہ کیا گیا تو الیکشن شفاف نہیں ہونگے۔ پشاور میں خیبر یونین آف جرنلسٹس کے پروگرام گیسٹ آور میں اظہار خیال کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عوام مشرف کی پالیسیوں سے تنگ تھی جس کے باعث اس کو مسترد کیا گیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے انہیں پالیسیوں کا جاری رکھا ہے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ حکومت ناکام ہوچکی ہیں۔ ملک میں امن وامان کی حالت ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑ رہی ہیں، بے روزگاری انتہا پر پہنچ چکی ہیں، پاکستانی معیشت دن بہ دن کمزور ہوتی جارہی ہیں اور روپے کی قدر میں کمی آرہی ہیں دوسری جانب جبکہ ترقیاتی کاموں میں گھپلے عروج پر پہنچ گئے ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ 46 ہزارافراد دہشت گردی کے خلاف جاری نام نہاد جنگ میں شہید ہوگئے ہیں۔ بجلی بحران کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 سالوں میں 1 میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی گئی اور عوام کے قیمتی سال ضائع کئے گئے۔