18 جولائی 2012
وقت اشاعت: 20:56
خصوصی افراد کیلئے جدید ترین مرکز قائم کیا جارہا ہے،شہباز شریف
جیو نیوز - لاہور…وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خصوصی افراد کی بحالی کیلئے لاہورمیں جدید ترین مرکز قائم کیا جارہا ہے، عوام کی داد رسی نہ کرنے والے پولیس افسران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، میٹروبس منصوبہ ملکی تاریخ میں ٹرانسپورٹ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ لاہورمیں اپنے گلشن راوی ٹینٹ آفس میں مختلف اضلاع کے سائلین کی شکایات سنتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،مہذب معاشروں میں امیر اور غریب کے لیے انصاف کا معیار یکساں ہوتا ہے۔انہوں نے گھناوٴنے جرائم کی تحقیقات فرانزک لیب سے کرانے کا حکم بھی دیا۔ خصوصی افراد کی بحالی کیلئے دو اداروں میں مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں انہوں نے کہا کہ لاہورمیں خصوصی افراد کی بحالی کیلئے جدید ترین مرکز قائم کیا جارہا ہے ، ان افراد پر توجہ دے کر معاشرے کا مفید رکن بنایا جا سکتا ہے۔لاہور میں فیروز پورروڈ پر میٹرو بس منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلیٰ کا کہناتھاکہ یہ ملکی تاریخ میں ٹرانسپورٹ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس سے شہریوں کو عالمی معیار کی سفری سہولت ملے گی، انہوں نے پراجیکٹ کے لئے کھودی گئی سڑکوں کے ارد گرد حفاظتی انتظامات مزیدبہتربنانے کی ہدایت بھی کی۔