19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 4:8
بلوچستان:فنی خرابی سے کوئٹہ سمیت بیس اضلاع میں 10گھنٹے سے بجلی غائب
جیو نیوز - کوئٹہ . . . گدوسے کوئٹہ آنے والی بجلی کی مین سپلائی لائن میں فنی خرابی دس گھنٹے بعد بھی درست نہ ہوسکی ، کوئٹہ کو مقامی پاور ہاوس سے بجلی کی فراہمی جزوی بحال ، بلوچستان کے بیس اضلاع بدستور تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ کیسکو ذرائع کے مطابق گدوسے کوئٹہ آنے والی بجلی کی مین سپلائی لائن میں شام چھ بجے فنی خرابی پیدا ہوئی جو 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود درست نہیں کی جاسکی۔فنی خرابی کے باعث صوبے کے انیس اضلاع میں تاحال بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ کوئٹہ کے مقامی پاور ہاوس سے کوئٹہ کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے، بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے جہاں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہاں کوئٹہ کے ہسپتالوں اور اخبارات کے دفاتر میں کام بری طرح متاثر ہوا۔ دوسری جانب ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں نامعلوم افراد نے 220کے وی ٹرانسمیشن لائن کو بھی دھماکہ خیز موادسے اڑا دیا ہے۔