19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:21
ریلوے کا بیڑہ غرق سیکریٹری ریلوے نے کیا، غلام بلور
جیو نیوز - اسلام آباد… سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایاگیاہے کہ ریلوے کے موجودہ انجنز، پٹڑی ، پل اور فون کا نظام سب عمر رسیدہ ہوچکے ہیں، اس کو رواں برس 46 ارب روپے کا خسارہ بھی ہوگا۔ وزیرریلوے غلام احمد بلور نے تمام ذمہ داری وفاقی سیکریٹری وقار مسعود پر عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کی وجہ سے منہ کالا ہوا ہے۔ اسلام آبادمیں عبدالغفورحیدری کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس کوسیکریٹری ریلوے عارف عظیم نے بتایاکہ موجودہ 133 انجنز کی اوسط عمر 33 برس ہے، ریل گاڑیوں کی پابندی وقت کی شرح صرف 6 فیصد ہے، 55 فیصد پٹڑی زائدالمیعاد ہوچکی، ریل کے86فیصدپل سوسال کی زائدعمرکے ہیں، ٹیلی مواصلات کانظام بھی انتہائی پراناہے، اسٹیٹ بینک سے اوور ڈرافٹ 40 ارب روپے ہوگیا ہے۔ سیکریٹری نے بتایا کہ نئے 150 انجنز کی خریداری کیلئے تکنیکی جائزہ ایک دو روز میں مکمل ہوجائے گا۔اجلاس میں وزیرریلوے غلام بلور، وفاقی سیکریٹری وقار مسعود پر برس پڑے اور کہاکہ سیکریٹری خزانہ رہنے والے وقار مسعود نے وہ فنڈز بھی نہیں دیئے جو کابینہ نے منظور کئے تھے۔ غلام بلور کاکہناتھاکہ بھارت نے موٹروے نہیں بنائی بلکہ ریلوے کو ترقی دی،ہم نے ریلوے تباہ کرنے کیلئے این ایل سی کا ادارہ بھی بنایا۔ ان کاکہناتھاکہ چارسوانجن دیدیں ، اس کے بعدریلوے کوخسارہ ہوتوان کے گلے میں رسی ڈال کرگھسیٹاجائے۔