تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:37

این آئی سی ایل،محسن وڑائچ کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی وارننگ

جیو نیوز - اسلام آباد… سپریم کورٹ نے این آئی سی ایل اراضی اسکینڈل کیس میں سرکاری رقم کی جلد وصولی پر زور دیتے ہوئے داخلہ اور اسٹیبلشمنٹ کے سابق وفاقی سیکریٹریز اور سابق ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کرلیاہے۔ عدالت نے برطانیہ میں مفرور محسن وڑائچ کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی وارننگ بھی دی ہے۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے این آئی سی ایل کیس کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور وقار حیدر سے کہاکہ پیسے کیوں نہیں نکلواتے، یہاں ہر کوئی ملا ہوا ہے۔ ۔عدالت کو بتایاگیا کہ ایف آئی اے میں ابھی کوئی ڈی جی نہیں، سینئر ڈائریکٹر خالد قریشی کے پاس اضافی چارج ہے جو نیک ہیں، چیف جسٹس نے کہاکہ ”سب نیک ہیں۔ کون نیک نہیں ہے“۔محسن وڑائچ کے وکیل نے بتایاکہ انہوں نے اپنے موکل کو برطانیہ سے واپس آکر اکاوٴنٹس سیٹل کرانے کا مشورہ دیاہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ وہ مفرور ہے،اسے کہو واپس آجائے۔جسٹس جواد خواجہ نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے چپ کرکے بیٹھے ہیں کہ لوٹ مار ہوتی رہے اور ملزم اولمپکس دیکھیں۔ چیف جسٹس نے مونس الہی کے منی لانڈرنگ کیس کا پوچھا اور کہاکہ یہ غفلت نہیں کچھ اور لگ رہا ہے،اب رقم یکمشت واپس لینا ہوگی، ایف آئی اے نے بتایاکہ تفتیش ابھی مکمل نہیں لیکن یہ معلوم ہواہے کہ مونس الہی اور ان کی اہلیہ کے اکاوٴنٹ میں رقم ، لانڈرنگ والی نہیں ہے۔ عدالت نے کہاکہ اس ایشو پر ابھی مزید کسی کارروائی کی ضرورت نہیں۔کیس کی مزیدسماعت تین ہفتوں کے بعدہوگی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.