19 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:31
شدت پسندی کی وجہ انصاف کی فراہمی نہ ہونا ہے،چیف جسٹس دوست محمد
جیو نیوز - پشاور… پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ شدت پسندی کی وجہ ناقص حکمرانی اور انصاف کی بروقت فراہمی نہ ہونا ہے۔چیف جسٹس پشاور میں جوڈیشیل اکیڈیمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کرامت اللہ چغرمٹی کے علاوہ ہائی کورٹ کے ججوں اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ ناقص حکمرانی اور انصاف کی بروقت عدم فراہمی نیشدت پسندی کو فروغ دیا ہے جس کی ایک وجہ جوڈیشل اداروں کی استعداد کار میں کمی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کسی بھی قوم کی بقاء ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کا انحصار عوام کے اعتماد پر ہے اور یہ اعتماد ججوں کی کارکردگی اور کردار کے باعث پیدا ہوتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جوڈیشل اکیڈیمی کے قیام سے صوبائی جوڈیشل افسروں کے علاوہ انصاف کے نظام سے منسلک دیگر اداروں کے اہل کاروں اور افسروں کی استعداد کار بڑھے گی۔ انہوں نے کہ صوبہ میں لوگوں کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لئے موبائل کورٹس کا آغاز کیا جائے گا جس کے لئے پہلے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی ہوگی۔