تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
20 جولائی 2012
وقت اشاعت: 22:55

رمضان میں راولپنڈی، اسلام آباد ، لاہور میں دہشتگردی کا خطرہ

جیو نیوز - اسلام آباد…سینیئر مشیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور میں دہشت گرد حملوں کا خطرہ ہے، جب کہ کراچی میں بھتہ خوری روکنے کے لیے ایف آئی اے کو خصوصی اختیارات دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ کراچی میں بھتہ خوری روکنے کے لیے ایف آئی اے کو ایف سی اور رینجرز کی خدمات فراہم کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان میں کسی سیاسی یا کالعدم تنظیم کو فطرانے کی رقم اکٹھی نہیں کرنے دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والے افراد کو 16 ایم پی او کے تحت جیل میں ڈال دیا جائے گا۔ رحمان ملک نے بتایا کہ ملک بھر میں ایک لاکھ نئے پولیس اہلکار بھرتی کیے جارہے ہیں، انہوں نے اپیل کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سنی شیعہ ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ایک سوال پر رحمان ملک نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ پر سخت ایکشن لیا جائے گا تاہم ہر قتل ٹارگٹ کلنگ بھی نہیں ہوتا، لوگ اس کی آڑمیں اپنی دشمنیاں بھی نکالتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.