25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:38
اولمپک پاسپورٹ اسکینڈل ، لندن جانیوالوں کا ریکارڈ طلب
جیو نیوز - لاہور… اولمپک پاسپورٹ اسکینڈل کیس میں گرفتار پاسپورٹ آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال شاہد کو رہا کر دیا گیا جبکہ ایف آئی اے نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے اولمپک میں شرکت کے لئے لندن جانے والوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گارڈن ٹاوٴن لاہور میں واقع پاسپورٹ آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اقبال شاہد ابتدائی تفتیش میں بے گناہ ثابت ہوئے۔ وہ چند روز پہلے ہی گارڈن ٹاوٴن آفس میں تعینات ہوئے تھے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں پاسپورٹ آفس میں کسی قسم کی ٹمپرنگ ثابت نہیں ہوئی۔اولمپک ویزا اسکینڈل میں محمد علی نامی شخص کا جو پاسپورٹ سامنے آیا اس کے کوائف شناختی کارڈ کے مطابق درست ہیں۔ نادرا آفس کی 5 خواتین نے بھی ایف آئی اے حکام کو اپنا بیان قلمبند کرا دیا ہے۔ ادھر ایف آئی اے کی ٹیموں نے اسکینڈل کے مرکزی ملزم عابد چودھری کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ تاہم وہ ابھی تک روپوش ہے۔