2005ء میں ہالینڈ سے تعلق رکھنے والی دنیا کی سب سے معمر خاتون صحت مند زندگی گزار کر 115 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ کشیدہ کاری کا کام سکھانے والی سابق اسکول ٹیچر ہینڈرک جے وان اینڈ شپر 29 جون 1890ء کو پیدا ہوئی تھیں اور ہالینڈ کے شمالی قصبہ ہوگیون کے نرسنگ ہوم میں نیند کی حالت میں چل بسیں۔ نرسنگ ہوم کے ڈائریکٹر جون بچرنگ نے بتایا کہ آخری ہفتوں میں وہ کچھ کمزور لگ رہی تھیں لیکن ان کی زندہ دلی بدستور برقرار تھی۔ وہ سمجھتی تھیں کہ دنیا کی سب سے معمر فرد ہونا ان کے لیے اس حقیقت کے باوجود بہت بڑا اعزاز ہے کہ جب وہ پیدا ہوئی تھیں تو ان کا وزن صرف تین پونڈ تھا۔ زندگی کے ہر معاملے میں وہ پرامید رہا کرتی تھیں۔ انہیں لوگ پیار سے ہینی کہہ کر بھی بلاتے تھے۔ فٹ بال سے انہیں عشق تھا اور 1930ء کی دہائی میں ان کی شادی ایک ٹیکس انسپکٹر سے ہوئی تھی۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران جب جرمنوں نے ہالینڈ پر قبضہ کرلیا تو غذائی اشیاء خریدنے کے لیے انہیں اپنے زیورات بیچنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ شادی کے بیس سال بعد وہ بیوہ ہوگئیں تھیں۔ اس کے بعد بھی وہ ملازمت کرتے ہوئے اپنے اپارٹمنٹ میں 106 سال کی عمر تک قیام پذیر رہیں۔ بعدازاں نرسنگ ہوم منتقل ہوگئیں۔ انہوں نے اپنی 114 ویں سالگرہ پر اخباری نمائندوں کو بتایا تھا کہ" میں روزانہ ایک ہیرنگ مچھلی کھاتی ہوں اور وٹامنز کی ضرورت پوری کرنے کے لیے روز سنگترے کا ایک گلاس جوس پیتی ہوں۔" گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے ایک ترجمان نے ان کی طویل العمری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب دنیا کی سب سے معمر شخصیت کا اعزاز امریکہ کی ایلزبتھ بولڈن کے پاس چلا گی اہے جو 15 اگست 1891 کو پیدا ہوئی تھیں۔ دنیا کے سب سے معمر مرد کا ریکارڈ ایمیلا نومرکاڈوڈیل نوڑو کے پاس ہے جو پورٹوریکو میں رہائش پذیر ہیں۔ وہ 21 اگست 1891 کو پیدا ہوئے تھے۔ اب تک جس شخصیت نے سب سے زیادہ زندگی پائی ہے اور جس کی باقاعدہ سند موجود ہے وہ فرانسیسی خاتون جین لوئی کیلمنٹ تھیں جو 1997ء میں 122 سال کی زندگی گزارنے کے بعد انتقال کرگئیں تھیں۔
دنیا کی معمر ترین خاتون
Posted on May 16, 2012
سماجی رابطہ