1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:8
اوباما لیبیا میں کاررروائی سے قبل اجازت لیں، امریکی سینیٹرز
اے آر وائی - واشنگٹن : امریکی سینیٹرز نے کہا ہے کہ صدر اوباما کو لیبیا میں مزید کارروائیوں کے لیے فوجی اور مالی مدد کی فراہمی سے قبل کانگریس سے اجازت لینی چاہئے۔ ادھر لیبیائی شہر مصراتہ میں معمر قذافی کی حامی فورسز کے حملوں میں تیئیس افراد ہلاک ہوگئے۔
اس سلسلے میں امریکی سینیٹرز جان این سائن اور بیلی ہچسن نے ایک قراداد تیار کی ہے۔ قراداد میں عرب لیگ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ لیبیا پر اقوام متحدہ کی قرارداد کے نفاذ کے لیے تمام فوجی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ابھی تک قرارداد پر رائے شماری کو کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب قذافی کی حامی فورسز نے مصراتہ میں باغیوں کے ٹھکانوں پر درجنوں راکٹ برسائے جس کی زد میں آکر تیئیس شہری ہلاک ہوگئے۔ نیٹو فضائیہ نے دارلحکومت طرابلس اور گرد و نواح میں متعدد حملے کیے۔ لیبیائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملوں میں پانچ شہری ہلاک ہوگئے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کرنل قذافی نیٹو کے عزم کا امتحان لے رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ نیٹو کے فضائی حملوں کا مقصد قذافی کو بزور قوت اقتدار سے ہٹانا نہیں۔
دوسری جانب کرنل قذافی کی بیٹی نے طرابلس کے باب العزیز پر شہریوں سے ملاقات کی۔ عائشہ قذافی نے اس موقع پر نیٹو کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ لوگ ہمارے گھروں پر بمباری کررہے ہیں۔