1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:53
شمسی ایئربیس پرامریکی آپریشن بند ۔امریکی ٹی وی کا دعویٰ
اے آر وائی - واشنگٹن: امریکی ٹی وی سی این این نے اعلیٰ پاکستانی انٹیلی جنس اہلکار کے حوالے سے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امریکی فوجیوں نے بلوچستان میں شمسی ایئر بیس خالی کردیا ہے اور ایئربیس پرامریکی آپریشن بند کردیا گیا ہے۔
سی این این نے پاکستانی انٹلی جنس اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ شمسی ایئربیس میں اب کوئی امریکی فوجی اہلکارنہیں۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ ایساامریکہ نے خود کیا ہے یا پاکستان کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ امریکی ٹی وی نے ایک اور پاکستانی اہلکار کا نام نہ بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی افواج مذکورہ ایئربیس کو قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کے مرکز کے طور پر استعمال کرتی رہی۔
سی این این کے مطابق ایک امریکی فوجی اہلکار نے بھی نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا ہے کہ شمسی ایئربیس پر کوئی امریکی فوجی نہیں۔ واضح رہے کہ مارچ میں ایک بڑے امریکی ڈرون حملے پر پاکستان نے سخت احتجاج کیا تھا جبکہ قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں پر پاکستانی عوام میں سخت غصہ پایا جاتا ہے۔