1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:53
پاکستان کوڈرون دینے پرغورجاری ہے،اعلیٰ امریکی اہلکارکی تصدیق
اے آر وائی - واشنگٹن: ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو فضائی نگرانی کے لئے ڈرون دینے پر غورجاری ہے۔ فرانسیسی نیوزایجنسی نے ایک سینیئر امریکی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستان کو ڈرون دینے کے منصوبے پر غور کیا جارہاہے جس کے مطابق کئی درجن چھوٹے جاسوس طیارے دیئے جائیں گے۔
جو صرف فضائی نگرانی کرسکیں گے تاہم میزائل فائر کرنے کی صلاحیت ان میں موجود نہیں۔ ادھر امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون کے ترجمان ڈیرن جیمز نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے پاکستانی ضروریات کے حوالے سے دونوں ممالک میں بات چیت چل رہی ہے تاہم کسی خاص قسم کے آلات یا ڈرون دینے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ واضح رہے پاکستان نے متعدد بار امریکا سے ڈرون کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔