تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:3

ریان سی کروکر افغانستان میں نئے امریکی سفیر ہوں گے

اے آر وائی - واشنگٹن: اوباما انتظامیہ نے ریان سی کروکر کو افغانستان میں نیا امریکی سفیر نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ رواں سال جولائی میں افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کا فارمولا ابھی طے نہیں پایا۔



وائٹ ہاؤس حکام نے تصدیق کی ہے کہ امریکی انتظامیہ نے اپنے انتہائی تجربہ کار اور کامیاب ترین سفارتکار ریان سی کروکر کو کابل میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اعلان رواں ہفتے متوقع ہے۔ ریان سی کروکر کی جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کے ساتھ جوڑی عراق میں شورش دبانے اور امریکی مفادات کے کامیابی سے دفاع کے حوالے سے شہرت حاصل کرچکی ہے۔



اب امریکا نے افغانستان میں حالات اپنے حق میں کرنے کے لیے اسی جوڑی کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریان سی کروکر اسلام آباد میں بھی بحیثیت امریکی سفیر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ ابھی اس بات کا فیصلہ نہیں ہوسکا ہے کہ رواں سال جولائی میں افغانستان سے کتنے امریکی فوجیوں واپس بلائے جائیں گے۔



واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بارے میں افغانستان میں اتحادی افواج کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کی جانب سے ابھی تجاویز موصول نہیں ہوئی ہیں تاہم کوئی بھی فیصلہ جلد متوقع ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.