1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:9
نیٹو فضائی حملے، طرابلس زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا
اے آر وائی - طرابلس: نیٹو کے فضائی حملے کے بعد طرابلس زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ مصراتہ میں قذافی فورسز کی گولہ باری سے کم ازکم نو شہری ہلاک ہوگئے۔ ادھر اجدابیہ کے قریب باغیوں نے قذافی فورسز کے خلاف اپنی پوزیشن مضبوط کرنا شروع کردی ہے۔
نیٹو کے طیاروں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیان شب طرابلس پر بمباری کی۔ عینی شاہدین کے مطابق شہر میں کم از کم تین زور دار دھماکوں کی آواز سنائی دی۔ نیٹو نے لیبیا میں عام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوجی علاقوں اور تنصیبات دے دور رہیں۔
دوسری جانب باغیوں کے ترجمان نے بن غازی میں بتایا کہ قذافی فورسز نے مصراتہ میں ایک رہائشی علاقے پر گولہ باری کردی جس کے نتیجے میں نو شہری ہلاک ہوگئے۔ ادھر اجدابیہ کے قریب ریگستان میں باغیوں نے اپنی پوزیشن مضبوط کرنا شروع کردی ہے۔ باغیوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مصراتہ سے جلد قذافی فورسز کو پیچھے دھکیل دیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ باغیوں کی تربیت کے لیے برطانوی فوجی مشیر ، بن غازی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔