1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:10
شام:سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں،66افراد ہلاک
اے آر وائی - دمشق: شام میں سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھیاسٹھ ہوگئی۔ ادھر امریکی صدر براک اوباما نے شام پر نئی پابندیوں کے حکم نامے پر دستخط کردیئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر بشارالاسد کے خلاف مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں۔ شام کی سیکورٹی فورسز نے جنوبی شہر درا میں مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔ مظاہرین کی جوابی فائرنگ میں چار فوجیوں کو ہلاک کیا گیا۔ حمس کے علاقے راستان میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں بیس مظاہرین ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ راستان سے تعلق رکھنے والے حکمراں بعث پارٹی کے پچاس ارکان مستعفی ہوگئے۔
دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما نے شام پر نئی پابندیوں کے حکم نامے پر دستخط کردیئے ہیں۔ نئی پابندیاں شام کی انٹیلی جنس ایجنسی اور صدر بشارالاسد کے دو قریبی رشتہ داروں پر لگائی گئی ہیں۔ نئی پابندیوں میں اثاثے منجمد کرنا اور امریکا میں کسی قسم کی بزنس ڈیلنگ پر پابندی شامل ہیں۔