1 مئی 2011
وقت اشاعت: 9:40
نیٹو حملے میں معمر قذافی کابیٹااور 3پوتے جاں بحق
اے آر وائی - طرابلس: طرابلس پر نیٹو کے میزائل حملے میں لیبیا کے حکمراں معمر قذافی کا بیٹا سیف العرب قذافی اور تین پوتے جاں بحق ہوگئے۔ نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ قذافی خاندان کے افراد کی ہلاکت کی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں۔
لیبیائی حکومت کے ترجمان موسی ابراھیم نے بتایا کہ نیٹو نے ایک فضائی کارروائی کے دوران کرنل قذافی کے گھر کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ حملے میں قذافی کا بیٹا سیف العرب قذافی اور تین پوتے جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان نے بتایا کہ حملے کے وقت قذافی گھر میں موجود تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔
ترجمان نے بتایا کہ انتیس سالہ سیف العرب ، کرنل قذافی کے چھ بیٹوں میں سب سے چھوٹا اور جرمنی سے تعلیم یافتہ تھا۔ غیر ملکی صحافیوں کے مطابق گھر پر تین میزائل داغے گئے جس سے چھت مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ادھر نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ قذافی خاندان کے افراد کی ہلاکت کی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں۔ حکام نے حملوں میں کسی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
نیٹو حکام نے بتایا کہ طرابلس میں معمرقذافی کی رہائش گاہ پر حملوں میں ایک کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب نیٹو نے لیبیا کے حکمران معمر قذافی کی جانب سے تنازع کے خاتمے کیلیے مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی۔ نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ لیبیا میں عوام کو درپیش خطرات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔