14 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 14:59
اسپین۔دو پاکستانی بھائی امریکاکے حوالے ،مزید دو کی حوالگی کامطالبہ
جیو نیوز - بارسلونا.....شفقت علی رضا......اسپین میں جون 2014ء میں گرفتار ہونیوالے دو پاکستانی بھائیوں کوامریکا کے حوالے کرنے کے بعدامریکا نے ا سپین سے دو مزید ملزمان کی حوالگی کامطالبہ کر دیا ہے تاہم اس میں اس لیے تاخیر ہو رہی ہے کہ اْن دونوں ملزمان نےا سپین میںسیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دو بھائیوں 47سالہ حمید چشتی اور49 سالہ وہاب چشتی کو امریکاکے حوالے کر دیا گیاتھا ان دونوں پرامریکا ہیروئن ا سمگل کر نے اور کولمبیا کے باغیوں کی تنظیم فارک (ریوولیوشنری آرمڈ فورسز آف کولمبیا) کو میزائل لانچرز فروخت کرنے کے الزامات ہیں۔
ایک سال قبل گرفتار کئے جانے والے دونوں بھائی ا سپین میں ہی مقیم تھے، انہیں گزشتہ روزہوائی جہاز کے ذریعے نیویارک روانہ کردیا گیا۔ حمید چشتی کی عرفیت ’’بَینی ‘‘ جبکہ وہاب چشتی کی ’’اینجل ‘‘تھی اور یہ ا سپین میں اپنی عرفیت سے جانے اور پہچانے جاتے تھے۔
قانونی ماہرین کے مطابق امریکی عدالتوں میں ان دونوں بھائیوں کے خلاف ہیروین اسمگلنگ اور کولمبین باغیوں کو میزائلوں کی فراہمی کے الزامات ثابت ہو گئے تو انہیں25سال سے لے کر عمر قید تک کی سزائیں ہو سکتی ہیں اور انکی باقی عمر امریکی جیلوں میں گذر سکتی ہے۔
چار ستمبر کو ان دونوں بھائیوں حمید چشتی اور وہاب چشتی کو نیویارک میں ایک امریکی عدالت میں پیش کیا گیا۔امریکی پراسیکیوٹرز کا الزام ہے کہ دونوں پاکستانی بھائیوں نے ایسے افرادکو ہیروئن بیچی ، جو اْن سے کولمبیا کے باغیوں کی تنظیم فارک کے باغی بن کر ملے لیکن وہ حقیقت میں مخبر اور سیکیورٹی اداروں کے ملازم تھے۔
حمید چشتی نے میزائل لانچر کے بدلے پیسہ وصول کرنے کے لیے اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات باغیوں کے روپ میں مخبروں کے حوالے کیں تو جون 2014ء میں ان دونوں بھائیوں کوا سپین پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔کولمبین باغیوں کے روپ میں ان مخبروں نے ان دونوں بھائیوں کو یقین دلایا کہ وہ فارک سے تعلق رکھنے والے باغی ہیں اور نہ صرف ہیروئن اسمگل کر کے امریکا پہنچا ئیں گے بلکہ وہ میزائل لانچر بھی خریدنا چاہتے ہیں تو ان دونوں بھائیوں نے انہیں ہتھیار فروخت کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔
یادرہے کہ امریکا نے1997 میں کولمبین باغیوں کی تنظیم فارک کو دہشت گرد قراردیدیا تھا۔