تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
26 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 13:15

اسپین :انتخابات میں پاکستانی امیدوار نمایاں، کمیونٹی ووٹ ضرورکاسٹ کرے ، عدیل طاہر

جیو نیوز - بارسلونا.....شفقت علی رضا.....اسپین کے سب سے بڑے صوبے کاتالونیا میں” کاتالان پارلیمنٹ“ کے انتخابات کی مہم اپنے عروج پر پہنچ کرختم ہوگئی ۔

اتوار27ستمبر کو ہونے والے صوبائی انتخابات اس اعتبار سے اہمیت اختیار کر گئے ہیں کہ پاکستانی امیدوار اسپین کی مقامی سیاست میں نمایاں ہیں ۔

اسپین کی تاریخ میں پہلی بار امیگرانٹس دوست سیاسی پارٹی ”آئی سی وی “نے گجرات کے گاوں کٹھالہ سے تعلق رکھنے والے عدیل طاہر وڑائچ کو اپنا امیدوار بنا کرپاکستانی کمیونٹی کی سیاسی حیثیت کوتسلیم کیا ہے ۔اس کی وجہ یہ ہے کہ صوبہ کاتالونیا میں پاکستانیوں کی بہت بڑی تعدادآباد ہے ۔

انتخابی مہم کے آخری جلسے میںآ ئی سی وی اور اس کی اتحادی سیاسی پارٹیوں کی مرکزی قیادت ،جوان ایریرا،پابلو گلیسیا اور دوسرے عہدیداران کے ساتھ ساتھ عدیل طاہر وڑائچ نے بھی خطاب کیا اور یقین دلایا کہ وہ کامیاب ہو کر صوبہ ”کاتالونیا “ کی تعمیر و ترقی اور پاکستانی کمیونٹی کے حقوق کے لئے آواز بلند کریں گے ۔

اس موقع پر جنگ اور جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے عدیل طاہر وڑائچ نے کہا کہ ہار جیت اللہ کے ہاتھ ہے لیکن یہ پاکستانی کمیونٹی کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ کاتالان سیاست میں انہیں اہمیت دی گئی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ صوبہ کاتالونیا میں مقیم پاکستانیوں کو جن مسائل کا سامنا ہے میں ان کو کاتالان پارلیمنٹ میں پیش کرکے ان کے حل کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کروں ۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ گھروں میں نہ بیٹھیں بلکہ کل اپنے گھر کے قریبی پولنگ اسٹیشن پرجائیں اور ووٹ کاسٹ کریں کیونکہ ان کا ایک ووٹ پاکستانیوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.