30 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 17:0
قندوز سے طالبان کا قبضہ چھڑانے کیلئے افغان فورسز کا آپریشن
جیو نیوز - قندوز.......افغانستان کے شہر قندوز پر طالبان کے قبضے کے بعد افغان سیکیوریٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے، جبکہ نیٹو فورسز بھی مدد کے لیے پہنچ گئی ہیں۔افغان وزارت داخلہ کا دعویٰ ہے کہ تین روز کے دوران ایک سو چالیس طالبان مارے گئے ہیں۔
قندوز میں طالبان کے قبضے کا آج تیسرا روز ہے، جہاں مختلف علاقوں میں ان کی افغان سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
طالبان پیش قدمی کرتے ہوئے ائیرپورٹ کے نزدیک پہنچ گئے ہیں،ادھر نیٹو فورسز بھی افغان فوج کی مدد کے لیے شہر میں داخل ہوگئی ہیں۔
افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے مطابق رات بھر ہونے والی لڑائیوں کے دوران صوبے میں طالبان شیڈو گورنر ملاوی سلام سولہ ساتھیوں سمیت مارے گئے،جس کے بعد تین روز میں ہلاک ہونے والے طالبان کی تعداد ایک سو چالیس تک پہنچ گئی ہے۔
قندوز پر حملے نے افغانستا ن میں موجود امریکی کمانڈ کی مشکل میں بھی اضافہ کردیا ہے،افغانستان میں امریکی کمانڈر جان کیمبل اگلے ہفتے سینیٹ کی دفاعی کمیٹی کو صورتحال سے آگاہ کریں گے۔