2 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 2:59
روزبرگ کے کمیونٹی کالج میں فائرنگ، 13افراد ہلاک
جیو نیوز - سیلم........امریکی ریاست اوریگن کے کالج میں فائرنگ سے 13افراد ہلاک ہوگئے۔ جس کے بعد جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔ امریکی صدر اوباما نے کہا کہ فائرنگ کے واقعات معمول بن گئے ہیں، انھیں روکنے کے لیے قانون سازی کرنا ہوگی۔
فائرنگ کا واقعہ اوریگون کے شہر روز برگ کے کمیونٹی کالج میں پیش آیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے 13افراد ہلاک اور 20زخمی ہوئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں مشتبہ حملہ آور کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا تھا جو اسپتال میں دم توڑ گیا۔
صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ میں فائرنگ کے واقعات معمول بن چکے ہیں اور ایسے واقعات کو روکنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوریگون فائرنگ واقعے پر افسوس کرنا کافی نہیں بلکہ قانون سازی کے ذریعے اسلحے سے متعلق قوانین تبدیل کرنے ہوں گے۔