تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
5 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 6:59

برطانیہ، فضائی حملے سے بچاوٴ کیلئے زیر زمین پناہ گاہوں کا رجحان

جیو نیوز - کراچی......عدنان تابش......ہماری زمین پر کسی خلائی دیوہیکل مخلوق کا حملہ ہونے والا ہے جس سے بڑے پیمانے پر انسانوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، اس سے بچنے کے لئے انسانوں کو کیا کرنا ہوگا؟

یہ بھی فرض کرلیں کہ اگر کوئی بہت بڑا اجرام فلکی یا دم دار ستارہ یا شہاب ثاقب زمین کی طرف گرنے لگے یا کسی بڑے سونامی کی پیشگوئی ہوجائے یاپھر خدانخواستہ کوئی ایسی خونریزعالمی یا جوہری جنگ چھڑجائے جس سے بڑی تعداد میں بنی نوع انسانی کی تباہی کا خدشہ ہو تواس سے بچنے کے لئے دنیا بھر کی حکومتیں کیا کریں گی ۔۔!!

یہ کسی انگریزی فکشن یا فلم کا موضوع نہیں بلکہ برطانوی شہریوں کے وہ خدشات ہیں جن سے خود کو بچانے کے لئے انہوں نے زیر زمین پناہ گاہیں تعمیر کرلی ہیں ۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کا کہنا ہے کہ یہ برطانوی تاریخ کی بہترین پناہ گاہیں ہیں جبکہ ماہر ین کی جانب سے یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آنے والے وقتوں میں ایسی پناہ گاہوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا جائے گا۔

برطانوی شہریوں کوجو خدشات لاحق ہیں ان کی بنیادی وجہ ان کے تئیں یہ ہے کہ آج کے انسان نے اپنی سہولت کے لئے بہت سے ایسے کام انجام دے ڈالے ہیں جن سے فطرت روٹھ گئی ہے لہذا یسے میں کچھ بھی ہوسکتا ہے ۔۔۔خلاسے حملہ، خلائی آفت یا شہاب ثاقب کا زمین پر گرنا چنانچہ برطانوی شہریوں کے تئیں اس سے بچنے میں زیر زمین پناہ گاہیں ہیں واحد اور محفوظ حل ہیں۔

یہ جدید سائنسی تحقیق بھی برطانوی شہریوں کو زیرزمین پناہ گاہوں کی تعمیر کی طرف کھینچ رہی ہے کہ کائنات ،خلاء میں تیرتے انگنت چھوٹے اور انتہائی بھاری بھرکم اجرام فلکی پر مشتمل ہے جن میں سے بعض تو وزن اورحجم کے لحاظ سے ہماری زمین سے بھی ہزاروں گنا بڑے ہیں۔ہماری زمین اب تک توکسی بڑی خلائی آفت سے محفوظ رہی ہے تاہم کبھی کبھار کوئی شہاب ثاقب زمین کی طرف آلپکتا ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا کسی زیرزمین بنکر میں چھپ کر جان بچائی جاسکتی ہے ؟ کیا قدرتی آفات یا زمینی جنگ و جدل کی تباہی کے اثرات کا ٹی وی کے ذریعے بذات خودمشاہدہ بھی کیا جاسکتا ہے ؟ اس سوال کا جواب بہت سے برطانوی ”ہاں“ میں دیتے ہیں کیونکہ برطانوی شہریوں نے گزشتہ 70 برسوں میں ایسی زیرزمین پناہ گاہیں تیار کرلی ہیں جہاں ان کے تئیں وہ جوہری جنگ یا کسی بھی قسم کی ناگہانی آفت سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

برطانوی شہریوں نے ممکنہ خلائی یا زمینی آفت سے بچاوٴ کے لیے ملکی تاریخ کے 20 بہترین بنکرز تعمیر کر رکھے ہیں جن میں برلنگٹن بنکر، ولٹ شائرشیلٹر،ائرریڈشیلٹر (فضائی حملے سے بچاوٴ کی زیر زمین پناہ گاہ)، اسٹاک پورٹ، گرین جوہری بنکر ہیک اور کیبنٹ رومز لندن شامل ہیں۔

انسان اپنی عقل و فہم کو استعمال میں لاکر لاکھ اپنے بچاوٴ کی ترکیبیں آزماتا رہے لیکن ایک وقت آئے گا جب ہماری زمین پر موجود ہر چیز ختم ہو جائے گی۔ اس حقیقت کے محض عقل و فہم رکھنے والے حضرات ہی نہیں بلکہ سائنسدان بھی معترف ہیں جو گاہے بگاہے زمین کی تباہی سے متعلق پیش گوئیاں کرتے رہتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.