تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
10 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 12:43

لندن کا ہیتھرو ایئرپورٹ سب سے خطرناک قرار

جیو نیوز - کراچی......حافظ محمد نعمان......برطانیہ کا ہیتھرو ایئرپورٹ لیزر حملوں کے باعث سب سے زیادہ خطرناک ایئرپورٹ قرار دے دیا گیا ۔ برطانوی سول ایوی ایشن حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ اگر لیزر لائٹس انہیں طیاروں پر پڑتی نظر آئیں تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کریں۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل لکھتا ہے کہ 2015ء کی پہلی سہ ماہی میں ایسے 34واقعات ریکارڈ کئے گئے جن میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر جہازوں کو لیزر لائٹس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔

ڈیلی میل کے مطابق دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ لیزر حملے لندن سٹی ایئرپورٹ جبکہ تیسرے نمبر پر برمنگھم ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے متنبہ کیا ہے کہ جہازوں پر لیزر لائٹس مارنا، جیل کی سیر کراسکتا ہے۔

ایوی ایشن کے مطابق پہلی سہ ماہی میں اب تک ایسے 34 واقعات ویسٹ لندن ایئرپورٹ پر پیش آچکے ہیں جن میں جہازوں کو مسلسل لیزر لائٹس کے ذریعے نشانہ بنایا گیاجبکہ لندن سٹی ایئرپورٹ پر اس طرح کے 21 واقعات اب تک منظر عام پر آچکے ہیں جو ہیتھروایئرپورٹ کے بعد دوسرا سب سے زیادہ خطرناک ایئرپورٹ ہے۔

برمنگھم ایئرپورٹ پر لیزر حملوں کے اب تک 18 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 15 واقعات لیڈز بریڈفورڈ ایئرپورٹ پر رونما ہوچکے ہیں۔

سی اے اے کے ترجمان نے ڈیلی میل کو بتایا کہ لیزر کا استعمال کئی سالوں سے ایک سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے اور ہیتھرو ایئرپورٹ ان لیزر لائٹس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ایئرپورٹ ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم مقامی افراد کو جہازوں پر لیزر لائٹس کے نقصانات کے حوالے سے بھی آگاہ کررہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ لیزر کا استعمال ایک مجرمانہ عمل ہے جو لوگوں کو گرفتار کروا کے عدالت اور پھر جیل تک لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوا م کو مشورہ دیا کہ اگر وہ لیزر لائٹس کو آسمان کی طرف دیکھیں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع کریں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.