تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
27 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 7:15

اسپین میں یوم تاسیس کشمیر کانفرنس کا انعقاد

جیو نیوز - بارسلونا…شفقت علی رضا…24اکتوبر 1947ء کو فضا میں یہ باغیانہ اعلان گونجا کہ جموں کشمیر کے مسلمانوں کی جدوجہد آزادی اور پاکستان سے الحاق کی تحریک کو عوامی قوت پہنچانے اور دنیا بھر میں پروجیکٹ کرنے اور آزاد شدہ علاقوں میں نظام حکومت قائم کرنے کیلئے بیرسٹر سردار محمد ابراہیم خان کی صدارت میں آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر قائم کردی گئی ہے اور بیسویں صدی میں اس طرح کی آزاد حکومت کے قیام کا یہ پہلا اعلان تھا کہ آزاد کشمیر کو ڈوگرہ کے تسلط سے آزاد کرایا جائیگا اور یہ عظیم لمحہ ”یوم تاسیس کشمیر“ تھا۔

ان خیالات کا اظہار چنارایسوسی ایشن کے زیراہتمام ہونیوالی ”یوم تاسیس کشمیرکانفرنس“ سے خطاب کرتے ہو ئے مقررین نے کیا،جس کی صدارت ویلفیئر اتاشی محمداسلم خان غوری نے کی۔

مقررین میں ا سپین کی امیگرانٹس دوست سیاسی جماعت ”آئی سی وی “کے مرکزی جنرل سیکرٹری جوان بندریل،امیگریشن سیکٹر کی انچارج گابی پوبلت،فیڈریشن دل بائیس کے سابق صدر اْوگو کولاچو،ایاز عباسی،عاطف راہی،مرزا ندیم بیگ اور طارق جمال نے خطاب کیا۔

تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عبدا لصبور نے سرانجام دئیے جبکہ تلاوت کی سعادت حافظ ارشد نقشبندی نے کی۔

مقررین نے مزید کہا کہ 13اگست 1948ء اور 5جنوری 1949ء کی قراردادوں میں کشمیری عوام کو یہ حق دیا گیا تھا کہ وہ رائے شماری کے ذریعہ فیصلہ کریں گے کہ وہ ہندوستان کیساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کیساتھ شامل ہونا چاہتے ہیں۔ ان قراردادوں کو ہندوستان نے قبول کیا۔

جواہر لال نہرو نے اپنی پارلیمنٹ میں اور سری نگر کے لال چوک میں خطاب کرتے ہوئے وعدہ کیا تھا کہ ہم ان قراردادوں پر عمل کریں گے ۔ چاہے ان کے نتائج سے ہمیں دکھ ہی ہو لیکن ہندوستان نے آج تک ان قراردادوں پر عمل نہیں کیا اور کشمیر کو اپنانام نہاد اٹوٹ انگ بنا رکھا ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ یوم تاسیس کشمیر کے پروگرامز کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں تاکہ دنیا کی بڑی طاقتیں نہتے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و تشدد کو ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام آزاد فضاوں میں سانس لے سکیں ۔

صفحات

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.