26 مئی 2016
وقت اشاعت: 21:18
یمن میں بمباری القاعدہ کو شکست دینے کے عزم کا اظہار ہے ، پنٹاگون
جیو نیوز - واشنگٹن.........امریکہ کے محکم دفاع پنٹاگون کا کہنا ہے کہ یمن کے پہاڑی علاقوں میں امریکی جنگی طیارے کی بمباری سے شدت پسند تنظیم القاعدہ کے درجنوں شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
پنٹاگون کے ترجمان پیٹر کک نے بتایا کہ منگل کو ہونے والی بمباری میں القاعدہ کے تربیتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا جہاں 70 سے زیادہ جنگجو موجود تھے۔اس سے پہلے گذشتہ سال امریکہ نے ڈرون حملوں کی مدد سے کئی شدت پسندو گروہوں کے رہنماں کو ہلاک کیا تھا۔
جنوری 2015 کے بعد سے جزیرہ نما عرب میں امریکی ڈرون طیاروں کے حملوں میں شدت پسند تنظیموں سے وابستہ اہم جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں نصیر الوہیسی، ابراہیم آلروبیش سمیت چھوٹے رینک کے کمانڈر بھی مارے گئے ہیں۔پنٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ یہ حملے القاعدہ کو شکست دینے اور ان کے محفوظ ٹھکانوں کے خاتمے کے امریکی فوج کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔
پنٹاگون نے یہ نہیں بتایا کہ القاعدہ کا تربیتی مرکز کس جگہ پر تھا۔دوسری جانب یمن کے حکام نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا کہ القاعدہ کے گڑھ میں ہونے والے فضائی حملے میں سابق فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا جو اب القاعدہ کے قبضے میں تھا۔
یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی فضائی کارروائی سے شدت پسند تنظیم القاعدہ کے جنگجوں کے زیر قبضہ علاقوں اور تنصبیات میں اضافہ ہوا ہے۔یمن میں حوثی باغیوں کو شکست دینے کے لیے مارچ 2015 سے سعودی عرب کی کمان میں جاری فضائی آپریشن اور سابق صدر کی حامی افواج کی لڑائی سے کم سے کم چھ ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔