7 اپریل 2011
وقت اشاعت: 19:35
رواں مالی سال،9ماہ میں ٹیکس وصولی10کھرب،12ارب تک پہنچ گئی
اے آر وائی - اسلام آباد : فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیاں 10 کھرب 12 ارب 60 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں ۔سب سے زیادہ وصولی سیلز ٹیکس کی مد میں 421 ارب روپے ہوئی جبکہ 376 ارب کے بلاواسطہ ٹیکس وصول کئے گئے۔
ایف بی آر کے عبوری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں بلاواسطہ ٹیکسوں کی وصولی 3 کھرب 76 ارب 40 کروڑ روپے، سیلز ٹیکس 4 کھرب 21 ارب 40 کروڑ روپے، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 88 ارب 10 کروڑ روپے اور کسٹمز کی مد میں وصولی ایک کھرب 26 ارب 70 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق ٹیکس اہداف کے حصول اور ٹیکس بیس میں اضافہ کی حکمت عملی پر عملدرآمد کے اقدامات کو حتمی شکل دینے کیلئے چیف کمشنرز کانفرنس 12 اپریل کو طلب کر لی گئی۔ جس میں ٹیکسوں کی وصولی کی صورتحال، اہداف کے حصول اور سابقہ فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے علاوہ ٹیکس بیس میں وسعت، فوری ریفنڈ اسکیم اور انتظامی معاملات سمیت مختلف امور پر غور کیا جائے گا، اس سلسلے میں تمام ایل ٹی یوز، آر ٹی اوز اور فیلڈ فارمیشنز کو چیف کمشنرز کانفرنس کے حوالہ سے ضروری تیاری کی ہدایت کر دی گئی ہے۔