1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:53
سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز دوروز کےلئےبند،صارفین پریشان
اے آر وائی - کراچی: کراچی سمیت اندرون سندھ میں اتوارکی دوپہربارہ بجے تک چھتیس گھنٹے کے لیے سی این جی اسٹیشن بند کر دئیےگئے ہیں ۔ سی این جی اسٹیشن بند رہنے سے تین ارب روپے خسارےکاسامنا کرنا پڑے گا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی اور سی این جی ایسوسی ایشن کے مذاکرات کے بعد گیس لوڈ منیجمینٹ پروگرام کے تحت چھتیس گھنٹے گیس سٹیشنز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔جبکہ اس فیصلے پر عمل نہ کرنے والے سی این جی اسٹیشنز کاگیس پریشر کم کر دیا جائے گا اور پھر اسے سی این جی ایسوسی ایشن کے این او سی کے بعد بحال کیا جائے گا۔
دوسری جانب دیکھا گیا کہ شہر بھر کے سی این جی اسٹیشن مقررہ وقت سے پہلے ہی بند کر دئیے گئے ۔ جسکے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی مقامات پر گیس کا پریشر کم ہونے کی بھی شکایات موصول ہوئیں۔ وقت کی کمی اور گیس پریشر کم ہونے کے باعث متعدد اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔تاہم وقت ختم ہونے کے باعث شہریوں کو گیس دلوائے بغیر ہی مایوس جانا پڑا۔