1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:53
اسٹیٹ بینک کا اقدام: بچت کھاتوں پر سروس چارجز ختم
اے آر وائی - کراچی : بینکوں میں کھاتے رکھنے والے غریب اور متوسط طبقے کے افراد کی دعائیں بالا آخر قبول ہو گئیں اور اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو سیونگز اکاؤنٹس پر سروس چارجز وصول کرنے سے روک دیا۔
مرکزی بینک کے حکم نامے پر اطلاق یکم جولائی سے ہو گا جس کے تحت ملک کے تمام بینک بچت کھاتے یعنی سیونگ اکاؤنٹس کھولنے اور اسے چلانے پر کوئی چارجز وصول نہیں کریں گے۔ ان اکاؤنٹس پر کم سے کم بیلنس کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ کوئی صارف اپنا اکاؤنٹ بند کرنا چاہے تو بینک کٹوتی بھی نہیں کریں گے۔
مرکزی بینک نے بینکوں کو اس بات کا بھی پابند کر دیا ہے کہ وہ نیا اکاؤنٹ ایک سو روپے میں کھولیں تاہم صارف کھاتہ کھولتے وقت اپنی مرضی سے زیادہ رقم جمع کرا سکتا ہے۔ لیکن بینک اکاؤنٹ کے لیے سو روپے سے زیادہ کی شرط نہیں لگائیں گے۔ اسٹیٹ بینک کے جاری اعلامیے کے مطابق بینک کم از کم بیلنس کی شرط کے بغیر پی ایل ایس کھاتوں پر منافع ادا کریں گے۔
مرکزی بینک اس سے پہلے بھی اس نوعیت کے احکامات جاری کرتا رہا ہے مگر آج بھی پی ایل ایس اکاؤنٹ میں ایک ہزار روپے سے کم رقم پر صارف کے پچاس روپے فی مہنیہ کاٹ لیے جاتے ہیں۔ اب اسٹیٹ بینک کے بینکنگ پروڈینشل ریگولیشن سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل کرنے والے بینکوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔