1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:55
پاکستان کا تجارتی وفد کل تاجکستان روانہ ہو گا
اے آر وائی - اسلام آباد : پاکستان کا ایک سو دس رکنی تجارتی وفد کل تاجکستان کے دورے پر روانہ ہوگا۔دورے کے دوران تاجکستان بزنس فورم میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش بھی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں صدر چیمبر آف کامرس پاکستان سینیٹر حاجی غلام علی نے بتایا کہ پاکستان کو در پیش معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمسایہ ممالک سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی تاجر ٹیکسٹائل،چاول،فارماسوٹیکل،انجینئرنگ ،خوراک و زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
تاجکستان کے سفیر زبیدولواین کاکہناتھا کہ تاجکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ تاجکستان پاکستان کو سستی بجلی فروخت کرنے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔انہوں نے کہا دونوں ملکوں کے پرانے دوستانہ تعلقات ہیں جو بزنس وفد کے دورے سے مزید مضبوط ہونگے۔