1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:35
رواں سال پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اتارچڑھاؤ
اے آر وائی - کراچی : رواں سال مئی تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت جو سال کے آغاز پر بہتتر روپے چھیانوے پیسے تھی، فروری میں اسی روپے انیس پیسے ہوگئی۔ مارچ میں یہ چھہتر روپے اٹھاون پیسے ہوگئی۔ اپریل میں پیٹرول اٹھاسی روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم مئی میں اس میں معمولی کمی ہوئی اور یہ چھیاسی روپے اکہتر پیسے ہوگئی۔
اسی طرح مٹی کا تیل جو جنوری میں ستر روپے پچانوے پیسے فی لیٹر کے حساب سے دستیاب تھا، فروری میں ستتر روپے پچانوے پیسے اور مارچ میں چونہتر روپے پینتالیس پیسے ہوگیا۔ اپریل میں اس کی قیمت نواسی روپے ستر پیسے کی بلند سطح پر پہنچ گئی تاہم مئی میں مٹی کا تیل چوراسی روپے پیسٹھ پیسے فی لیٹر ہوگیا۔
دوسری جانب ایک لیٹر ہائی آکٹین جو جنوری میں چھیاسی روپے سڑسٹھ پیسے میں فروخت کیا جارہا تھا، فروری میں بڑھا کر پچانوے روپے پچیس پیسے کردیا گیا۔ مارچ میں اس کی قیمت کم ہوکر نوے روپے چھیانوے پیسے ہوگئی جبکہ اپریل میں ایک مرتبہ پھر یہ ننانوے روپے بانوے پیسے کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔ مئی کے اختتام پر ہائی آکٹین کی فی لیٹر قیمت کم کرکے چورانوے روپے گیارہ پیسے کردی گئی۔