3 جون 2011
وقت اشاعت: 6:0
پی ٹی اےنےقومی خزانےمیں13.56ارب روپےجمع کرائے،رپورٹ
اے آر وائی - کراچی : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے مالی سال 2009-10 کے دوران قومی خزانے میں13.56 ارب روپے جب کہ ٹیلی کام کے شعبہ نے ٹیکسز کی صورت میں 109.05 ارب روپے جمع کرائے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ سہ ماہی رپورٹ 2011 کے مطابق ٹیکسز، ڈیوٹیز اور ریگیولیٹری چارجز کے ذریعے ٹیلی کام کے شعبہ کی آمدنی میں اضافے کا رجحان رہا۔ مالی سال 2010 کے اختتام پر مجموعی رقم 109 ارب روپے رہی جس کا 50 فیصد جی ایس ٹی سے حاصل کیا گیا ہے۔
ایک تخمینے کے مطابق پاکستان میں سروسز سیکٹر کی جانب سے جمع کرائی گئی ٹیکسز میں 90 فیصد حصہ ٹیلی کام سیکٹر سے آتا ہے جو کہ اس وقت اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کے حوالے کیا جا رہا ہے۔قومی خزانے میں مالی سال 2010-11 کی پہلی شش ماہی کے اختتام پر ایکٹیویشن ٹیکس کا حصہ 3 ارب روپے رہا جو گذشتہ سال اسی مدت کے دوران 4 ارب روپے تھا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی خراب اقتصادی صورتحال کے برعکس ٹیلی کام سیکٹر میں تیزی کا رجحان رہا۔