7 جون 2011
وقت اشاعت: 21:37
پندرہ سو اٹھاسی ارب روپے کا ہدف حاصل کرلیں گے،ایف بی آر
اے آر وائی - اسلام آباد : چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیق نے کہا ہے کہ موجودہ مال سالی کا پندرہ سو اٹھاسی ارب روپے کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا اور نئے مالی سال کے لئے تجویز کردہ انیس سو باون ارب روپے کے ہدف کے لئے پرعزم ہیں۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو سلمان صدیق نے واضح کیا کہ ملکی ترقی کے لئے ٹیکس نیٹ بڑھانے پر توجہ دی جارہی ہے ، ٹیکس وصولیوں کو بہتر بنانے کے لئے ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ، انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو معاف نہیں کیا جائے ، سب کو ٹیکس دینا ہوگا ، پہلے مرحلے میں 23لاکھ میں سے سات لاکھ کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا ، جن کا انتخاب ٹھوس بنیادوں پر کیا گیا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال کے لئے تجویز کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف ناممکن نہیں، چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیق نے بتایا کہ یکم جولائی سے سنٹرلائزڈ آڈٹ سسٹم کام شروع کردے گا جبکہ بارہ جون سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ نئے مالی سال کے لئے رکھا گیا ٹیکس وصولیوں کا 1952ارب روپے کا ہدف جی ڈی پی کا 9.5فیصد ہے جس کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی ، انہوں نے بتایا کہ 131ارب روپے کے کیسز عدالتوں میں زیر التواء ہیں ، جس کے لئے سپریم کورٹ میں نئی درخواست دائر کی جائے گی ۔