13 جون 2011
وقت اشاعت: 6:31
پنجاب: پیٹرول کا بحران جاری، سی این جی اسٹیشنز بھی آج سے بند
اے آر وائی - لاہور: پنجاب بھر میں پٹرول کی قلت کا بحران جاری ہے،جبکہ مختلف مقامات پر پٹرول بلیک میں ایک سو پچاس روپے لیٹر فروخت کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب آج سے دو روز کےلئےسی این جی اسٹیشنز بھی بندرہیں گے۔جس سے توانائی کا بحران مزید برھنے کا خدشہ ہے۔
پٹرول کی قلت پر وزیراعظم گیلانی کے نوٹس لینے کے باوجود لاہور ، ملتان اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کی قلت برقرار ہے۔جبکہ لاہور کے کئی مقامات پر پولیس کی نگرانی میں پٹرول کی بلیک میں فروخت جاری ہے۔ تاہم پیٹرول مہنگا ہونے کے باوجود اس کے حصول میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ۔
ذرائع کے مطابق پٹرول کی قلت آئندہ دو روز تک برقرار رہے گی جس کا ایک سبب دو روز تک سی این جی اسٹیشن کی بندش ہے۔ جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب پٹرول کی قلت کو دور کرنے کے لیے بحری جہاز پینتیس ہزار ٹن تیل لے کر کراچی کی بندرگاہ پہنچ گیا ہے جبکہ ایک اور جہاز جلد کراچی پہنچ رہا ہے۔