22 جولائی 2014
وقت اشاعت: 14:14
اوگرا کیس، دو سابق وزرائے اعظم پر فرد جرم عائدکرنیکی کارروائی ملتوی
جیو نیوز - اسلام آباد.....سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق تقرری کیس میں دو سابق وزرائے اعظم راجا پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی سمیت چھ ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 9ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق چیئرمین اوگرا تقرری کیس کی سماعت کی۔ راجا پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ طبیعت کی ناسازی کے باعث وہ آج فرد جرم عائد نہ کرنے سے متعلق اپنی درخواست پر دلائل نہیں دے سکتے ، لہذا کچھ مہلت دی جائے۔عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 9ستمبر تک ملتوی کر دی۔ فاروق نائیک کی جانب سے التوا کی درخواست پر سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف چار نیب ریفرنسوں کی بھی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔