30 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 20:17
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
جیو نیوز - اسلام آباد...... عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے کا فائدہ عوام کو منتقل کردیا گیا، حکومت نے اکتوبر کے لیے تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے، رات 12 بجے سے پیٹرول 2 روپے 94 پیسے اور ڈیزل 95 پیسے فی لیٹر سستادستیاب ہوگا۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی ہے۔ فیصلے کے بعد پیٹرول 2 روپے 94 پیسے سستا ہوکر 103 روپے 62 پیسے فی لیٹر کا ہوگیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت 95 پیسے کمی سے 107 روپے 39 پیسے فی لیٹر ہوگئ، مٹی کے تیل کے نرخ 1 روپے 31 پیسے کم ہوکر95 روپے 68 پیسے فی لیٹر تک آگئے ہیں، لائٹ ڈیزل آئل 67 پیسے اور ایچ او بی سی 1 روپے 88 پیسے فی لیٹر سستا ہوگیا ہے۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور روپے کی قدر مستحکم رہنے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات سستی ہوئی ہیں۔