5 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 19:28
عید پر سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام کی پہنچ سے دور
جیو نیوز - لاہور...... عیدیں ہوں یا کوئی اور تہوار، عام آدمی خصوصاً تنخواہ دار طبقہ کی آمدن تو نہیں بڑھتی،البتہ اخراجات جان کو آ جاتےہیں۔ ان اخراجات میں اضافےکاایک بڑا سبب ہوتے ہیں ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خورجو عوام کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں ۔ عیدِ قربان پر جانوروں کی ہی قربانی نہیں ہوتی،مہنگائی کے اس دورمیں سنتِ ابراہیمی کی پیروی بمشکل کر پانے والے عام شہری بھی،ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کےہاتھوں جگہ جگہ کھال اتروانےپرمجبور ہوتے ہیں،لاہور کی لوکو ورکشاپس، بادامی باغ، سنگھ پورہ اور دیگر منڈیوں میں گوشت کی پکائی میں براہِ راست استعمال ہونے والی سبزیاں شہریوں کی پہنچ سے دور ہو گئیں،ٹماٹر، ادرک، لہسن اوردھنیادس سے پچاس روپے مہنگا بک رہا ہے۔ دکاندارکہتےہیں، قصور ذخیرہ اندوزوں کاہے،تھوک مارکیٹ میں ہی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ شہری کہتےہیں کہ گوشت کی پکوائی کیلئے بنیادی سبزیاں خریدنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ پھل، سبزی فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں نے عید سے پہلے ہی اپنی چھریاں تیز کرلیں اور وہ قیمتیں کئی گنا بڑھا کر مجبور شہریوں کی کھال اتارنے میں مصروف ہو گئے۔