16 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 13:18
2نجی پاور پلانٹس نادہندہ، واپڈا نے بجلی کاٹ دی
جیو نیوز - لاہور.......لاہور میں واپڈا نے سستی بجلی پیدا کرنے والے دو پاور پلانٹس نادہندہ قرار دے دیئے، اور ان کی بجلی کاٹ دی۔ پلانٹس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تین ماہ بعد 300 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سکریپ بن جائے گی۔ ملک اس وقت بجلی کے سنگین بحران کا شکار ہے۔ اس صورت حال نے معاشی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا۔ توانائی بحران سے نمٹنے اور سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر بھی میدان میں آیا۔ رائے ونڈ روڈ پر جاپان پاور اور سیپکول پاور ہاؤسز قائم کئے گئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واپڈا نے ان سے 230 میگا واٹ بجلی لینے کی بجائے پاور ہاؤسز کے میٹر کاٹ دیئے ہیں۔ جاپان پاور ہاوس کے چیف ایگزیکٹو امجد اعوان کہتے ہیں کہ دونوں پاور ہاوس چل جائیں تو لاہور کی لوڈشیڈنگ میں کئی گھنٹے کی کمی ہو سکتی ہے۔ پیپکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی امپورٹ بل نہ دینے پر پاور پلانٹس کے میٹر کاٹے گئے، حکومتی سطح پر بات چیت سے ہی ان کی بحالی ممکن ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لوڈشیڈنگ میں کمی کے لئے ان بند پاور ہاوسز کو فوری چلایا جائے ا س سے نہ صرف سارفین کو بجلی میسر آئے گی بلکہ عالمی سطح پر اس سیکٹر مین سرمایہ کاری کے لئے مثبت پیغام بھی جائے گا ۔