4 نومبر 2014
وقت اشاعت: 18:59
او جی ڈی سی ایل کے حصص کی فروخت کل سے شروع ہوگی
جیو نیوز - اسلام آباد...... او جی ڈی سی ایل کے 10 فی صد حصص کی فروخت کامرحلہ کل سے شروع ہوگا، حکومت کو شیئرز کی فروخت سے 75 کروڑ ڈالرز کی نان ٹیکس آمدن متوقع ہے ۔نج کاری کمیشن کے حکام کے مطابق او جی ڈی سی ایل کے 32 کروڑ حصص فروخت کیے جائیں گے جس میں سے بین الاقوامی منڈی میں ساڑھے سات فی صدحصص کی فروخت کی جائے گی۔ڈھائی فیصدحصص عوام کو فروخت کیے جائیں جبکہ ایک فی صد حصص ملازمین کو فروخت کیے جائیں گے۔او جی ڈی سی ایل کے 10 فی صد حصص کی نیلامی کا سلسلہ 5 سے 7 نومبر تک مکمل ہوگا۔ وزارت خزانہ تو قع ہے کہ اوجی ڈی سی ایل کے 10 فی صد حصص کی فروخت سے75 کروڑ ڈالر کی نان ٹیکس آمدنی حاصل ہوسکتی ہے۔ جودسمبر میں آئی ایم ایف کے قرض کی واپسی میں استعمال ہوگی۔ دسمبر کے آخر تک پاکستان نے آئی ایم ایف کو 32 کروڑ ڈالر واپس کرنا ہیں،لیکن تصویرکا دوسرا رخ یہ ہےکہ ادارے کی نجکاری کے خلاف او جی ڈی سی ایل کے ملازمین نےگذشتہ دنوں پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، اس مظاہرے میں جہاں ایک طرف ان ملازمین پر لاٹھی چارج ہوا اور انہیں گرفتار بھی کی گیا وہیں اپوزیشن بھی ان کی حمایت میں سرگرم ہوگئی ہے ،قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے اکتیس اکتوبر کو اس فیصلے کے خلاف واک آؤٹ بھی کیا ، جبکہ پارلیمنٹ سے باہر بیٹھی تحریک انصاف نے موقف اپنایا ہے کہ منافع بخش ادارے کی نجکاری کرنا درست فیصلہ نہیں ۔