18 جنوری 2015
وقت اشاعت: 9:22
دورہ جاپان انتہائی کامیاب رہا ،اسحاق ڈار
جیو نیوز - ٹوکیو .....عرفان صدیقی /نمائندہ خصوصی .....وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ان کا دورہ جاپان انتہائی کامیاب رہا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی تجدید کی گئی ہے ، اسحاق ڈار نے کہا کہ جاپان نے پاکستان میں لاکھڑا پاور پروجیکٹ میں ساڑھے آٹھ سو ملین ڈالر کی سرمایہ پر رضا مندی ظاہر کردی ہے جبکہ پاکستانی ٹیکسٹائل سمیت دیگر اشیاء کو اپنی مارکیٹ میں رسائی دینے کے لیے خصوصی اقدامات پر بھی رضا مندی ظاہر کی ہے ، یہ بات اسحاق ڈار نے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن جاپان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقد کی جانیوالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ن لیگ کے کارکنان اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی ، اسحاق ڈار نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اپنی ترسیلات میں ریکارڈ اضافہ پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا ہے وہ قابل ستائش ہے ،اسحاق ڈار نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے قومی خزانے کو ذاتی خزانہ سمجھ کر جس طرح بے دریغ استعمال کیا تھا اس سے ملک کی معیشت دیوالیہ ہونے کو تھی تاہم میاں نواز شریف کی حکومت میں معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوچکی ہے،جبکہ وہ لوگ جو ڈالر سو روپے کا ہونے پر سیاست چھوڑنے کا دعویٰکیا کرتے تھے وہ اب منہ چھپاتے پھرتےہیں ، اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیں تو پاکستان کو کسی امداد کی ضرورت باقی نہیں رہے گی ، جبکہ ہمیں اندازہ ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافے کی گنجائش موجود ہے ، اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ اس سال ستمبر تک جاپان میں کمپیوٹرائزڈ پاسپورٹ کی تیاری شروع کردی جائیگی اور یہ وعدہ پورا کرکے دکھائیں گے ، انھوں نے مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور ن لیگ انٹرنیشنل افیئر کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود کی پارٹی کے لیے قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی اوورسیزتنظیمیں پارٹی کا اثاثہ ہیں تاہم انھیں چاہیے کہ پاکستان کے مفاد کے لیے زیادہ سے زیادہ کوششیں کریں اور اپنے اتحاد اور اتفاق سے پارٹی اور ملک کا نام روشن کریں ۔