19 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:21
پٹرول کی قلت اسی ہفتے ختم ہوجائے گی، شاہدخاقان عباسی
جیو نیوز - اسلام آباد......وفاقی وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پٹرول کی قلت اسی ہفتے ختم ہوجائے گی،عوام کو ہونے والی تکلیف پرشرمندہ ہیں،پٹرول کی سپلائی مکمل طورپربحال ہوچکی ہےصارفین زیادہ خریداری نہ کریں۔وفاقی وزیر نے یقین دلایا ہے کہ پٹرول کی سپلائی مستحکم رہے گی،سپلائی کو 15 ہزار600 ٹن کردیا گیا۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پٹرول کی معمول سے زیادہ سپلائی کی جارہی ہے،اسلام آباد کو چارلاکھ کے بجائے 6 لاکھ لیٹرپٹرول فراہم کیا جارہا ہے، لاہورکو 16 لاکھ لیٹر،راولپنڈی کو 5 لاکھ 75 ہزارلیٹرپٹرول دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی کمی کا مسئلہ زیادہ طلب کی وجہ سے پیش آیا، مانگ میں اضافے کی وجہ سے ذخائرختم ہوگئے۔تاہم مستقبل میں ایسی صورتحال پیدا نہ ہو اس کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں اورپٹرول کی معمول سے زیادہ سپلائی کی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے توانائی بحران پرقابوپانے کے لیے لائن لاسزکم کرنے کی ہدایت کی ہےاور پی ایس او کو واجبات کی ادائیگی کیلیے 500 ارب کی وصولی کےعمل کوتیزکیاجائے۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں روزانہ اوسطاً 12 ہزار ٹن پٹرول کی کھپت ہے،پٹرول کی سپلائی میں خدشات نہیں ہونا چاہیےاورکوشش کی جائے گی کہ مستقبل میں پٹرول کا بحران نہ ہو۔شاہدخاقان عباسی نےکہا کہ وزیراعظم نے مسئلے کا نوٹس لے کراسکے حل کی ہدایت کی۔ پٹرول بحران کی تحقیقات کیلیے کمیٹی بنائی گئی ہے۔جوذمے داروں کا تعین کریگی،تاہم انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قلت سے متعلق سازش کے بارے میں علم نہیں،وزیرپٹرولیم نے ایک موقع پر کہاکہ پنجاب میں سی این جی دستیاب نہ ہونیکی وجہ سے پٹرول کی قلت ہوئی،پورے پنجاب میں سی این جی کی سپلائی بحال کرنا ممکن نہیں، پٹرول کی درآمد کے لیے تجارتی دستاویزات تیارہوچکے ہیں،سیف الرحمان کا حکومت کے کسی ادارے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔