2 فروری 2015
وقت اشاعت: 15:5
کے الیکٹرک کم بجلی پیدا کررہی ہے، نیشنل گرڈ سے بھی بجلی لیتی ہے، نیپرا
جیو نیوز - اسلام آباد.......نیپرا نے کے الیکٹرک کو خط لکھا ہے کہ کے الیکٹرک کے پاس 2 ہزار 456 میگاواٹ بجلی کی پیداواری صلاحیت ہے، نیشنل گرڈ سے 650 میگاواٹ بجلی کی کٹوتی کی صورت میں بھی صارفین کو بلاتعطل بجلی سپلائی یقینی بنائے۔ کے الیکٹرک نے جواب دیا ہے کہ نیپرا کے اعدادوشمار حقائق کے منافی ہیں جسے معلوم نہیں کہ ہمارے پلانٹ بوڑھے ہو چکے ہیں۔ نیپرا کے الیکٹرک کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک اپنے صارفین کو اوسطاً 1700میگاواٹ فراہم کر تا ہے، 650 میگاواٹ کے معاہدے کے خاتمے کی صورت میں بھی کراچی کے صارفین کو بجلی سپلائی کم نہ کرے بلکہ بلاتعطل جاری رکھے۔ ادھر کے الیکٹرک ذرائع نے نیپرا کے اعدادوشمار کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی بجلی پیداواری صلاحیت 1700میگاواٹ سے زیادہ نہیں، ہمارے پلانٹ36سال پرانے ہیں، ہم بجلی اسی صورت میں زیادہ بنا سکتے ہیں جب گیس ملے۔ کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے جس 1700میگاواٹ کی بات نیپرا کرتا ہے یہ تو سردیوں کیلئے طلب ہے، گرمیوں میں تو طلب 3000 میگا واٹ ہو جاتی ہے۔ کے الیکٹرک ذرائع نے مزید بتایا کہ کراچی نیوکلیئر پاور پالانٹ 6ماہ سے بند پڑا ہے، یہ تاثر دینا درست نہیں کہ کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے کو 650میگاواٹ بجلی کی ضرورت نہیں۔