13 مارچ 2015
وقت اشاعت: 17:39
کے الیکٹرک کو 8روپے بینک چارج وصول کرنے سے روک دیا گیا
جیو نیوز - کراچی.......نیپرا نے کے الیکٹرک کو صارفین سے بجلی بلوں میں بینک کلکشن کے نام پر 8روپے وصولی سے روک دیا۔ نیپرا نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی طرف سے بنک کلیکشن وصولی غیر قانونی اور غیر منصفانہ ہے۔ نیپرا نے صارفین سے اس مد میں لی گئی رقم واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔ نیپرا کی طرف سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 2013ءمیں کے الیکٹرک کے صارفین کی طرف سے بینک کلیکشن چارجز کی متعددشکایات ملیں تھیں جس پر نیپرا نے معاملے کی تحقیقات کیں۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے نیپرا میں غلط اور گمراہ کن حقائق پیش کر کے یہ چارجز نیپرا سے منظور کرائے جس کی کے الیکٹرک سے امید نہیں کی جاسکتی تھی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے دہرے چارج وصول کر رہا ہے کیونکہ بینک کلیکشن کے الیکٹرک کے ٹیرف میں پہلے سے موجود ہے۔ نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک 2006ءسے صارفین سے سے وصول کیے گئے بینک کلیکشن چارجز کا تخمینہ لگائے اور انہیں واپس کرے۔ نیپرا نے ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے کے الیکٹرک 30روز میں رپورٹ بھی داخل کرے۔