21 مارچ 2015
وقت اشاعت: 17:32
ملتان میں اسٹرابری کی کاشت کا بڑھتا رحجان
جیو نیوز - ملتان........ملتان میں اسٹرابری کی کاشت کے بڑھتے ہوئے رحجان نے اس علاقہ میں سبزیوں ، چارے، اور گندم کی کاشت اور پیداوار کو متاثر تو ضرور کیا ہے لیکن اسٹرابری کے کاشکار اپنی آمدن سے مطمئن نظر آتے ہیں۔ ملتان شہر کے مغرب میں بہنے والے دریائے چناب کادایاں کنارا ذائقہ دار آم کی پیداوار کے ساتھ ساتھ اب اسٹرابری کی کاشت کی وجہ سےبھی شہرت پا رہا ہے ۔زیر زمین پانی اور نرم زمین اسٹرابری کی کاشت کے لئے موزوں سمجھی جاتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ملتان کے اس حصے میں کئی ایکڑ پر کاشتکاروں نے اسٹرابری کاشت کر رکھی ہے۔سوات سے اسٹرابری کے پودے منگوانے اور زمین کی تیاری کے بعد نومبر کے وسط اور دسمبر کے ابتدائی ہفتوں میں اس کی کاشت شروع کردی جاتی ہے۔ چارکینال تک اسے کاشت کریں تو اخراجات ایک لاکھ روپے تک آتے ہیںاور پھر30 سے 40 دن کے بعد اس کا یہی پھل مارکیٹ میں 100 سے 350 روپے فی کلو فروخت ہوتاہے ۔اسٹرابری کی کاشت کا بڑھتا ہوا یہ رجحان آم اور کپاس کی پیداوار سے مشہور اس خطہ کو اب اسٹرابری کے پھل کی شناخت کی طرف بھی لا رہا ہے۔