26 اپریل 2016
وقت اشاعت: 14:7
پینے کا صاف پانی اور پیٹرول لگ بھگ ایک ہی قیمت پر آگئے
جیو نیوز - کراچی......افضل ندیم ڈوگر......پاکستان میں پیٹرول کی نئی قیمتیں لاگو ہونے کے بعد ایک تاریخی تبدیلی سامنے آئی ہے کہ ملک بھر میں پینے کا صاف پانی اور پیٹرول لگ بھگ ایک ہی قیمت پر آگئے ہیں ۔
دوسری طرف بس اسٹاپس، ریلوے اسٹیشنوں، ائرپورٹس، بعض ریستوران یا ہوٹلوں میں پینے کا پانی پیٹرول کی فی لیٹر قیمت سے بھی مہنگا ہوگیا ہے۔
کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، کوئٹہ یا دیگر شہروں کی عام مارکیٹ میں اچھی کوالٹی کے منرل واٹر کی ایک لیٹر کی بوتل 60 روپے میں ملتی ہے جبکہ ریستوران اور ہوٹلوں میں اسی پانی کی قیمت 75 روپے فی لیٹر سے بھی زائد ہے۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول کی نئی قیمت کے مطابق پیٹرول فی لیٹر 62روپے 77پیسے میں ملنے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں سی این جی لیٹر میں فروخت کی جانے لگی تو شہریوں کو سی این جی سے گاڑی چلانا مہنگا پڑ رہا تھا جس پر شہریوں کی بڑی تعداد نے سی این جی کو خدا حافظ کہہ دیا تھا تاہم سندھ میں شہریوں کی اکثریت سی این جی استعمال کر رہی تھی۔
پیٹرول کے نئے نرخ سامنے آنے سے کراچی سمیت سندھ میں بھی سی این جی سے گاڑی چلانا سود مند نہیں رہا۔ اس لئے یہاں بھی پیٹرول کی طلب میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔