9 مئی 2016
وقت اشاعت: 22:1
ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں کمی
جیو نیوز - اسلام آباد......ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں ایک لاکھ 23 ہزار 824 افراد کی کمی ہو گئی تاہم وزارت خزانہ پر امید ہے کہ 15 مارچ تک ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد گزشتہ سال سے بڑھ جائے گی۔
سال 2014 میں گوشوارے جمع کرانےوالوں کی تعداد 10 لاکھ 47 ہزار 170 تھی۔ یہ تعداد 2015 میں 9 لاکھ 23 ہزار 346 رہی۔ وزارت خزانہ نے سینیٹ کو بتایا کہ تاریخ 15 مارچ تک بڑھا دی ہے، گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد گزشتہ سال سے زیادہ ہوجائے گی۔
ڈپٹی چیئرمین عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت سینٹ اجلاس میں وزارت خزانہ نے تحریری جواب میں کہاکہ ملک میں ان افراد کی درست تعداد معلوم کرنا ممکن نہیں جن پر انکم ٹیکس لاگو کیا جاسکتا ہے، این ٹی این رکھنے والوں کی تعداد 37 لاکھ 92 ہزار 475 ہے ، رضاکارانہ ٹیکس اسکیم کے تحت اب تک 2507 گوشوارے جمع اور 25 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
وقفہ سوالات میں ایک موقع پر ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی حکومتی سینیٹر مشاہداللہ کےبیان پر برہم ہوگئے اور کہا کہ ان کے منہ میں بھی زبان ہے، لندن کی بات کرتے ہیں تو کیا وہ لاہور کی کرپشن کا بتادیں۔ اس سے قبل سینیٹر مشاہد اللہ نے اپنی نشست پر بیٹھے ہوئے کہاتھاکہ جو کچھ لندن میں بنایا گیا وہ بھی بتائیں۔