25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
آئی ایم ایف پاکستان کے تمام قرضے معاف کرے
اردو ٹائمز - بین الاقوامی امدادی ادارے آکسفیم نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کے تمام قرضے معاف کئے جائیں اور آئی ایم ایف ہنگامی بنیاد پر پاکستان کو قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دے ۔آکسفیم کی سینئر پالیسی آیڈوائزرایلزبیتھ اسٹیورٹ نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے مذاکرات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے بات چیت کے باوجود پاکستان کو وہ کچھ نہیں دیا گیا ۔جسکی اسے اتنی بڑی تباہی سے نمٹنے کے لئے ضرورت ہے۔ ایسی صورت میں پاکستان اپنے قرضے ادا نہیں کر سکے گا۔جبکہ پینتالیس کروڑ ڈالر کا اضافی قرضہ مزید بوجھ بنے گا ۔ پاکستان کے بیرونی قرضوں کی مالیت پہلے ہی چون ارب تیس کروڑڈالر ہو چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بجٹ ریونیو کا ایک تہائی حصہ پہلے ہی قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہو جاتا ہے اب یہ وسائل سیلاب زدگان کی بحالی پر خرچ ہونے چاہئیں۔لہذاآئی ایم ایف اور دیگر تمام قرض خواہوں کو پاکستان کے قرضے معاف کر دینے چائیں۔ ایلزبیتھ اسٹیورٹ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو بھی اپنے بجٹ اخراجات پر نظر ثانی کرنا چاہئے اور تعمیر نو اور غربت مین کمی کے لئے زیادہ رقم مختص کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعمیرنو میں کئی برس لگیں گے اور اربوں ڈالر درکار ہونگے اور پاکستان عالمی برادری کی مدد سے دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہو سکتا ہے۔