25 فروری 2011
وقت اشاعت: 11:21
کراچی اسٹاک ایکسچینج 10 ہزار پوائنٹس کی حد عبور
اردو ٹائمز - کراچی اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو تیزی رہی اورکے ایس ای 100 انڈیکس 10 ہزار 300 پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا، مارکیٹ کے سرمایہ میں 15 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کے روز کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس 62.08 پوائنٹس کے اضافہ سے 10322.56 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 413 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 205 کمپنیوں کے شیئرز کے داموں میں اضافہ، 185 کمپنیوں کے شیئرز کے داموں میں کمی جبکہ 23 کمپنیوں کے شیئرز کے داموں میں استحکام رہا۔ پیر کو تیزی کے باجودکاروباری حجم مجموعی طور پر 8 کروڑ 88 لاکھ 44 ہزار 713 شیئرز رہا جو جمعہ 8 اکتوبر کی نسبت 4 کروڑ 58 لاکھ 16 ہزار 497 شیئرز کم ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کو تیزی کے باعث مارکیٹ کے مجموعی سرمایہ کی مالیت میں 15 ارب 97 کروڑ 91 لاکھ 5 ہزار 694 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کے مجموعی سرمایہ کی مالیت 28 کھرب 30 ارب 58 کروڑ 76 لاکھ 81 ہزار 270 روپے سے بڑھ کر 28 کھرب 46 ارب 56 کروڑ 67 لاکھ 86 ہزار 964 روپے ہوگئی۔ پیر کوکاروباری لحاظ سے بینک الفلاح، اٹلس بینک لمیٹڈ اور این آئی بی بینک کے شیئرز سرفہرست رہے۔ بینک الفلاح کے شیئر کی قیمت 9.11 روپے سے بڑھ کر 9.27 روپے، اٹلس بینک لمیٹڈ کے شیئرز کی قیمت 2.18 روپے سے بڑھ کر 2.31 روپے جبکہ این آئی بی بینک کے شیئر کی قیمت 3.08 روپے سے کم ہو کر 3 روپے ہوگئی۔