5 ستمبر 2010
وقت اشاعت: 11:59
اسرائیلی سفیر کی خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری
اجمیر شریف : بھارت میں اسرائیلی سفیر نے اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری دی ہے۔ مارک سوفیر کاکہناہے کہ اسرائیل اور فلسطین کا تنازع مذہبی نہیں سیاسی ہے۔
برطانوی ریڈیو کے مطابق بھارتی میڈیا نے اسرائیل کے سفیر کے خواجہ معین الدین چشتی کے مزار پر حاضری کو مسلمانوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے سے تعبیر کرتے ہوئے تاریخی قدم قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مارک سوفیر اجمیر شریف جانے والے پہلے اسرائیلی اہلکار ہیں۔
درگاہ کے دورے کے دوران مارک سوفیرکہا کہ اسرائیل اسلام کا احترام اور مسلمانوں سے محبت کرتا ہے۔ اسرائیلی سفیر نے اجمیر شریف میں چادر بھی چڑھائی اور روزہ افطار میں بھی شرکت کی۔ دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ دنیا بھر میں دہشت گرد حملوں میں مرنے والوں میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔جولوگ دہشت پھیلا رہے ہیں وہ مسلمان نہیں ہیں۔ مہمانوں کی کتاب میں انہوں نے لکھا کہ وہ پاکستان، افغانستان اور جنوبی ایشیا میں امن و ہم آہنگی کی دعا کرنا چاہتے ہیں۔